جموں، 24 اکتوبر:
جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے پندرہ مزید سماجی ذاتوں کو جموں و کشمیر میں ریزرو کیٹیگریز کے دائرے میں لا کر انصاف فراہم کیا۔ سابق وزراء چودھری سکھنندن کمار اور شیام چودھری کے ساتھ یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے رویندر رینا نے کہا کہ یہ ان سماجی ذاتوں کے لئے مودی حکومت کا دیوالی کا تحفہ ہے جو آج تک اس سے محروم ہیں۔
انہوں نے اس تاریخی فیصلے اور حکومت کے ذریعہ ان سماجی ذاتوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی تعریف کی۔ رینا نے پہاڑی لوگوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کو موجودہ حکومت کے سب سے بڑے فیصلوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے لیے گزشتہ پانچ دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں اور آخر کار مودی حکومت نے ان کا مطالبہ پورا کر دیا جبکہ سابقہ تمام حکومتوں نے انہیں نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی لوگوں کو حقوق دیئے گئے ہیں جبکہ کوہلیوں کو ایس ٹی زمرہ میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں مودی حکومت کی طرف سے بہت سے عوامی فلاحی فیصلے کئے جائیں گے جو مکمل طور پر لوگوں کی تبدیلی کا باعث بنیں گے۔ دریں اثنا، بی جے پی آر ایس پورہ کے ضلع صدر آر ایس پومی نے جاٹ سماج کو ریزرویشن دینے کو نریندر مودی حکومت کا تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کی گواہی ہے کہ مودی حکومت بلا لحاظ ذات، مذہب سب کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
ضلع نائب صدر چودھری جرنیل سنگھ اور سشیل کمار سکریٹری بی جے پی نے بھی اس فیصلے کے لئے وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور ایل جی کی تعریف کی۔ بشنہ منڈل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے سابقہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کے دور حکومت میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کر دیا ہے۔
بی جے پی لیڈر پی سی شرما نے 15 سماجی ذاتوں کو ریزرو کیٹیگریز میں شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 70 طویل سالوں سے انصاف سے محروم رہنے والے لوگوں کو آخر کار نریندر مودی حکومت نے ان کا حق دیا ہے۔
