چٹان ویب ڈیسک
مقبول ترین میسجنگ سروس واٹس ایپ دو گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہو گئی ہے۔
منگل کی دوپہر کو پاکستان، انڈیا اور برطانیہ سمیت جنوبی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے کئی ممالک میں صارفین کی جانب سے واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور موصول ہونے میں شکایات سامنے آئی تھیں۔
صارفین کو واٹس ایپ پر نہ ذاتی پیغامات موصول ہو رہے تھے اور نہ گروپس میں بھجوا سک رہے تھے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے ترجمان نے کہا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ کچھ لوگوں کو پیغامات بھجوانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم واٹس ایپ کی سروس جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
ویب سائٹس ڈاؤن یعنی متاثر ہونے پر مسلسل نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہونے سے لاکھوں کی تعداد میں صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیائی ممالک کے صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔
واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہونے کے بعد سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
بیلا چائے نامی ایک صارف نے انڈین فلم کا سین شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سب بھاگ بھاگ کر ٹوئٹر کا رخ کر رہے ہیں کہ کیا واقعی واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہے۔
