جموں/25؍اکتوبر:
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں گلٹی دار جلد کی بیماری کی ویکسی نیشن صورتحال کا جائزہ لیا۔
یہ میٹنگ ڈائریکٹر ان اینمل ہسبنڈری کشمیر او رجموں،چیف اینمل ہسبنڈری اَفسران اور جموںوکشمیر کے ضلع اینمل ہسبنڈری اَفسران اور دیگر سینئر اَفسران بشمول سکاسٹ کے ماہرین کے ساتھ منعقد ہوئی۔
اَتل ڈولو نے 5؍ نومبر تک جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں اہل مویشیوں کی کارپٹ ویکسی نیشن مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ کا عملہ اوّلین ترجیح پرویکسی نیشن کے طریقۂ کار میں حصہ لیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ضلع وار اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ صوبہ کشمیر میں انفیکشن اور اَموات کی شرح زیادہ ہے اور اِس کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ بھی دیکھا گیا کہ جموں کے کئی اَضلاع گذشتہ ایک ہفتے سے گلٹی دار جلد کی بیماری( ایل ایس ڈی ) کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
اُنہوں نے ڈائریکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں صوبوں میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ اینٹی بائیو ٹکس ، میتھیلین بلیو او ردیگر ضروری ادویات کے سٹاک کو یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوں نے اَضلاع میں فوگنگ کا بھی جائزہ لیا۔اَتل ڈولو کی طرف سے ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ ویٹرنری ، پیراویٹرنر ی ، سکاسٹ کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں اور ہر روز مقامی ضروریات اور اِنتظامی مسائل کا جائزہ لینے کے لئے بلاک سطح کے دورے کریں تاکہ گلٹی دار جلد کی بیماری کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے یہ بھی تجویز کیا کہ سینٹر کے ماہرین کو بیماری پر قابو پانے میں مدد کے لئے مد عو کیا جائے۔
