سری نگر:یکم نومبر:
امکانی برف باری کے پیش نظرسڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینری کوتیاری کی حالت میں رکھاگیاہے ،اوراس مقصد کیلئے محکمہ میکنکل انجینئرنگ نے برف ہٹانے والی خصوصی مشینوں اورمتعلقہ عملہ کوتیاررکھاہے جبکہ محکمہ آراینڈبی ،محکمہ دیہی ترقی اوربلدیاتی اداروںکواندرونی سڑکوں ولنک روڑس اورگلی کوچوںکوقابل آمدورفت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق صوبائی انتظامیہ کشمیر نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںسے کہاہے کہ وہ برف باری ہونے کی صورت میں اہم شاہراہوں ،سڑکوں اورلنک روڑس سے برف ہٹانے کیلئے متعلقہ محکموںکوضروری مشینری وعملہ کیساتھ تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایات جاری کریں ۔
ساتھ ہی محکمہ پی ڈی ڈی اورمحکمہ جل شکتی کے انجینئروں سے کہاگیاہے کہ وہ برف باری ہونے کی صورت میں بجلی سپلائی میں آنے والی خلل کودور کرانے کیلئے متعلقہ ملازمین کی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ صارفین کوزیادہ وقت تک بجلی سپلائی سے محروم نہ رہنا پڑے ۔
کشمیروادی کے سبھی دس اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںنے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کیساتھ موسم سرماکے دوران پیش آنے والی صورتحال اورمشکلات کامقابلہ کرنے کیلئے کی جارہی تیاریوںکاجائزہ لیا۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنروںنے شاہراہوں،رابطہ سڑکوں اورلنک روڑس کے علاوہ اندرونی علاقوںمیں گلی کوچوں سے برف ہٹانے کی ذمہ داری الگ الگ محکموںکوتفویض کردی ۔انہوںنے محکمہ آراینڈ بی ،محکمہ دیہی ترقی اورمیونسپل اداروںکے اعلیٰ افسروں اورانجینئروں سے کہاہے کہ وہ دستیاب مشینری اورعملہ کوتیاری کی حالت میں رکھیں تاکہ سڑکوں اورگلی کوچوںکوبرف باری ہونے کی صورت میں جلد سے جلد صاف کرکے قابل آمدورفت بنایاجائے ۔
ساتھ ہی محکمہ مینکنکل انجینئرنگ سے کہاگیا ہے کہ وہ اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینوں کوتیار رکھیں تاکہ اچانک برف باری ہونے کی صورت میںکسی قسم کی دشواری یاتاخیر کاسامنا نہ کرناپڑے ۔یہ بھی معلوم ہواکہ موسم سرماکے دوران برف باری ہونے کی صورت میں سڑک رابطوںکی فوری بحالی اوربجلی وپانی کی سپلائی کویقینی بنانے کیلئے فنڈس بھی مختص رکھے گئے ہیں تاہم متعلقہ افسروں اورانجینئروں سے کہاگیاہے کہ وہ بحالی کے کاموںپر خرچ ہونے والی یاصرف کی جانے والی رقومات کامعقول حساب وکتاب رکھیں تاکہ مختص فنڈس میں کسی قسم کاخرد برد یافنڈس کے غلط استعمال نہ ہوں۔جے کے این ایس
