سرینگر/2 نومبر :
سید بشارت بخاری، پیر زادہ منصور حسین اور محمد اشرف میر پر مشتمل جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کی الیکشن اتھارٹی نے آج سجاد غنی لون کو جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین اور ریٹرننگ آفیسر سید بشارت بخاری نے کہا کہ پیپلز کانفرنس صدر کے عہدے کے لئے الیکشن کے شیڈول کے اعلان کی نوٹیفکیشن کے جواب میں الیکشن اتھارٹی کو آخری تاریخ ختم ہونے تک 8 نامزدگی درخواستیں موصول ہوئیں ۔ کاغذات نامزدگی کے مطابق سبھوں نے سجاد غنی لون کو صدر کے طور پر انتخاب کے لئے امیدوار نامزد کیا۔ یہ نامزدگیاں اننت ناگ، بڈگام، سری نگر، بارہمولہ، ہندواڑہ، کپواڑہ، پونچھ اور جموں سے موصول ہوئیں۔
اس تعلق سے کسی دوسرے امیدوار کے حق میں کاغذات نامزدگی موصول نہیں ہوئی۔
سید بشارت بخاری نے اس موقع پر کہا کہ الیکشن اتھارٹی نے 19 اکتوبر کو مذکورہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق 30 اکتوبر 2022 کو نامزدگی حاصل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی جبکہ 2 نومبر 2022 کو شام 3:00 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ مقرر ہوئی تھی اور 2 نومبر کو ہی مقابلہ کرنے والوں کی فہرست کی اشاعت کا دن مقرر ہوا تھا ۔۔ دستبرداری کی مدت ختم ہونے کے بعد 6 نومبر 2022 کو ضرورت پڑنے پر پولنگ کی تاریخ مقرر ہوئی تھی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ شیڈول کے مطابق پولنگ کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس الیکشن کے لئے صرف ایک امیدوار میدان میں تھا اور وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 732 اراکین پر مشتمل الیکٹورل کالج (جنرل کونسل) 10 نومبر 2022 کو حلف برداری تقریب میں شرکت کرے گا ۔یہ پُر شکوہ تقریب دارالجواد، قمرواری میں منعقد ہوگی جہاں الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین سید بشارت بخاری نئے صدر سے حلف لیں گے ۔۔ نئےمنتخب صدر اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے نئے عہدے کا چارج بھی سنبھالیں گے۔
