سری نگر ،03نومبر:
جنوبی کشمیر کے وانہامہ دیلگام علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئے اور اُنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اننت ناگ کے وانہامہ دیلگام علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب بندوق برداروں نے نجی اسکول میں کام کر رہے دو غیر مقامی مزدوروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی مزدوروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا جہاں پر دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اننت ناگ کے ایک نجی اسکول میں کام کر رہے دو غیر مقامی مزدوروں جن میں سے ایک بہار اور نیپال کا رہنے والا ہے پر ملی ٹینٹوں نے نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ موصوف ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر مقامی مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر جنوبی کشمیر میں فوج کا گشت تیز کیا گیا ہے۔
