سری نگر،12نومبر:
شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وارسری نگر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ سیدمحمدالطاف بخاری نے جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔یادرہے 5اگست2019 کو، مرکز ی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت جموں و کشمیر کی سابقہ یاست کو دی گئی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا اور تین خطوں پر مشتمل سابقہ ریاست جموں وکشمیر کو2و مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا۔مرکزی حکومت نے آرٹیکل35A کو بھی منسوخ کر دیا جس نے سابق ریاست جموں وکشمیر کو اپنے مستقل رہائشیوں کی وضاحت کرنے کی اجازت دی۔
اپنی پارٹی کے سربراہ سیدمحمدالطاف بخاری نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے طور پر آرٹیکل 370اور 35A کو بحال نہیں کر سکتے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم ملک کے بہترین وکلاءکی خدمات حاصل کریں گے جو ان کی بحالی کیلئے لڑیں گے، چاہے ہمیں کروڑوں روپے کیوں خرچ کرنے پڑیں۔
پی ڈی پی ،بی جے پی مخؒوط سرکار میں کابینہ وزیر رہے سیدمحمدالطاف بخاری نے کہاکہ ہماری ریاست، جیسا کہ یہ 5 اگست 2019 کو موجود تھی (مرکز کے فیصلے سے پہلے)، بحال ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ عوام یہی چاہتے ہیں۔الطاف بخاری کاکہناتھاکہ وہ چاہتے ہیں کہ میں اس کو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ اٹھاو¿ں۔ سیدمحمدالطاف بخاری نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی ایک ٹیم تشکیل دے گی جو جموں و کشمیر اور باہر کی مختلف جیلوں کا دورہ کرے گی تاکہ وہاں بند نوجوانوں اور ان کےخلاف مقدمات کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کرے۔
انہوں نے کہا، جموں و کشمیر اپنی پارٹی ، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرے گی اور ان نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کرے گی۔سیدمحمدالطاف بخاری نے کہا کہ ہم ان کے لیے اپنی زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنے کا موقع چاہتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئی سیاست شروع کرنے کے لیے ان کا ساتھ دیں جس میں تشدد اور امتیاز کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ سیدمحمدالطاف بخاری نے کہاکہ میں نہیں چاہتا کہ میں آج کسی کی تنقید کروںلیکن میں چاہتاہوںکہ ایسی سیاست کاخاتمہ ہوجائے ،جس میں تشدد،بدامنی اورعلاقائیت کاعنصر غالب ہو۔
انہوںنے کہاکہ ہمیں جو لینا ہے ،مرکز سے ہی لینا ہے ،ہمیں آئینی حیثیت کی بحالی چاہئے ،جوہمیں صرف سپریم کورٹ سے مل سلتی ہے ۔محمدالطاف بخاری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر اُن کی پارٹی برسراقتدار آئے گی ،تو مفت بجلی فراہم کرنے کیساتھ بجلی فیس میں کمی کی جائیگی ،بجلی پیداوارمیں اضافہ کیا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ ہم جموں وکشمیرکی روایتی صنعتوں باغبانی ،زراعت ،سیاحت اور ہینڈی کرافٹس کی جانب خاص توجہ دی جائیگی ۔
