جموں،15 نومبر :
جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ منگل کے روز جموں و کشمیر اور لداخ میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ۔دراس میں درجہ حرارت مائنس 15 پر پہنچ گیا۔ وہیں محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’’گلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں کشمیر اور لداخ میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے‘‘۔ اس دوران سرینگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں مائنس 3.4 اور گلمرگ میں مائنس 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ خطہ کے دراس قصبے میں منفی 15 ڈگری سیلسیس، کرگل میں مائنس 4.2 اور لیہہ میں مائنس 7.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 12.3 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 10.4 ، بٹوت میں 2.3، بانہال میں 2.2 اور بھدرواہ میں 1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
