جموں، 15 نومبر:
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں منگل کے روز ایک رہائشی مکان کے اوپر مٹی کے تودے گرنے سے مکان منہدم ہو گیا ۔جس کے نتیجہ میں ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی ۔لیکن خاتون نے اپنی جان کی قربانی دے کر اپنے دو بیٹوں کو بچا لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سب ضلع بھدرواہ صدر مقام سے چند کلومیٹر دور سرتینگل پنچائت کے بٹلا گاؤں میں ایک کچا رہائشی مکان پہاڑی سے گر رہے مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا ۔جس میں کرنا دیوی اور اس کے دو بیٹے مچل سنگھ اور نکسن جریال پھنس گئے۔واقع کے فوراً بعد انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور مکان کے اندر پھسنے کنبہ کو باہر نکالا۔مکان کے اندر پھسنے لڑکے نے بتایا کہ میری ماں نے مجھے اور میرے چھوٹے بھائی کو باہر کے کمرے میں دھکیل دیا کیونکہ ہمارے اوپر کی چھت اچانک نیچے آنے لگی۔ اگرچہ وہ ہمیں دوسرے کمرے میں دھکیلنے میں کامیاب ہو گئی ۔اس اثناء میں چھت اس پر گر گئی ۔
بھدرواہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دلمیر چودھری نے بتایا کہ مقامی لوگوں، پولیس اور راشٹریہ رائفلز کے ذریعہ دو گھنٹے کی امدادی کارروائی کے بعد خاندان کو باہر نکالا گیا۔چودھری نے کہا کہ انہیں اسپتال لے جایا گیا ۔جہاں کرنا دیوی کی موت ہو گئی۔اے ڈی سی نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وشیش پال مہاجن نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت خاندان کے لیے فوری طور پر 25,000 روپے جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج متاثرہ کنبہ کے لیے خیمہ رہائش گاہیں نصب کر رہی ہے جبکہ ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم نے انہیں کمبل، کھانے کی اشیاء اور برتن فراہم کیے ہیں۔
