جموں،18 نومبر:
بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر یو ٹی کے صدر رویندر رینا نے کہا ہے کہ مضبوط بوتھ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں گے۔ یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر تریکوٹہ نگر میں پارٹی کے آئندہ پروگراموں اور بوتھ کی مضبوطی کے سلسلے میں پارٹی کے سینئر قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جیت میں بوتھ کی مضبوطی اہم جز ہے ۔
میٹنگ میں بی جے پی کے سابق وزراء، سابق ایم ایل اے، سابق ایم ایل سی اور سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔ رویندر رینا نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ سینئر قائدین کی شمولیت سے پارٹی کی مضبوطی کے لئے بوتھ سطح پر اپنی کوششیں بڑھائیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ زمینی سطح کے کارکنوں اور ان کے بوتھ ایریا سے تعلق رکھنے والے عام لوگوں سے رابطہ کریں تاکہ انہیں ریاست اور مرکز دونوں میں بی جے پی حکومت کی طرف سے کئے گئے کاموں سے آگاہ کیا جا سکے اور ان کے مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ اپنا کام تندہی سے کریں اور اپنے کام کو تنظیم کی پوری توقعات کے مطابق یقینی بنائیں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری (آر جی) اشوک کول نے اپنے خطاب میں پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ منڈل صدر اور شکتی کیندر کے انچارجوں کے ساتھ تال میل میں ہر بوتھ کا کثرت سے دورہ کریں۔ انہوں نے بوتھ کی مضبوطی پر خصوصی زور دیا۔ جگل کشور شرما نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ بوتھ سطح پر مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ جگل نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے عوامی بہبود کی بہت ساری اسکیمیں شروع کی ہیں اور ان کے نفاذ کی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایس سی کے لیے مودی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیموں کو زمینی سطح پر لاگو کیا جائے۔
