جموں،22 نومبر:
نیشنل کانفرنس کے سنئیر رہنما و رکن پارلیمنٹ فاروق عبداللہ جموں و کشمیر پہنچنے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوں گے۔ آل پارٹیز یونائیٹڈ مورچہ کے ترجمان نے کہا کہ جموں میں قائم تقریباً ایک درجن مین اسٹریم پارٹیوں اور سماجی تنظیموں کی تنظیم نے فاروق عبداللہ سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور فرقہ وارانہ اور تقسیم کرنے والی طاقتوں کے عزائم کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں کانگریس، سی پی ایم، پی ڈی پی، آئی ڈی پی اور سی پی آئی کے قائدین شامل تھے۔ ترجمان کے مطابق، فاروق عبداللہ نے وفد کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ حزب اختلاف جماعتوں کو سماج میں سیاسی اور سماجی تقسیم پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف زیادہ متحد اور مربوط مہم چلانی چاہیے ۔ ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو شکست دینے کے لیے وسیع تر اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اے پی ایم کے رہنماؤں نے تجویز پیش کی کہ اپوزیشن اتحاد کا مضبوط پیغام بھیجنے کے لیے مستقبل قریب میں بڑی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ کنونشن منعقد کیا جائے جس کا جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے مثبت جواب دیا۔ فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر یہ بات چیت تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
