جموں، 26 نومبر:
مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں سیاسی گرما گرمی کو متحرک کرتے ہوئے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل نے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے، ہندوستانی آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت مقامی لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور دیگر مطالبات کی تکمیل کے لیے ایک قرارداد منظور کی۔ ایوان میں چار نکاتی قرارداد منظور کی گئی اور بی جے پی سے منسلک کونسلروں کے علاوہ تمام ممبران نے اس کی حمایت کی ۔قرارداد کے ذریعے، ایوان نے فیصلہ کیا کہ کونسل کے ذریعے حکومت ہند سے درخواست کی جائے کہ وہ لداخ کو ریاست کا درجہ دینے، ہندوستانی آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت تحفظ، کرگل کے لیے لوک سبھا کی الگ نشستوں کے لیے کرگل کے عام لوگوں کی امنگوں کو اجاگر کرے۔ یہ قرارداد پنچوک تاشی (ایگزیکٹیو کونسلر) نے پیش کی کل 29 کونسلروں میں سے 22 نے قرارداد کی حمایت کی جبکہ باقی سات بی جے پی سے وابستہ کونسلر کارروائی سے دور رہے۔اس قرارداد کے ذریعے، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے کونسلروں والی کرگل ہل ڈیولپمنٹ کونسل نے بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔حکومت نے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کو پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے، قرارداد میں دعویٰ کیا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بعد، حکومت میں عوام کی نمائندگی کے حوالے سے لداخ کے عام لوگوں میں زیادہ ناراضگی پیدا ہوئی ہے۔زمین، ملازمت، ثقافت اور ماحولیات وغیرہ کے تحفظ کے حوالے سے عوام میں خدشات پیدا ہوئے ہیں ۔ لداخ کے تمام طبقات کو صرف چھٹا شیڈول ہی لداخ کی زمین، ملازمتوں، ثقافت اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے۔کرگل اور لیہہ اضلاع کے لیے الگ لوک سبھا نشستوں کے مطالبے کے حوالے سے، قرارداد میں کہا گیا کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کی تنظیم نو سے پہلے، لداخ کے پاس چار رکن اسمبلی اور دو رکن قانون ساز جونسل کی شکل میں عوامی نمائندے تھے۔ تاہم ریاست کی تنظیم نو کے ساتھ، واحد عوامی نمائندہ رکن پارلیمنٹ ہے، جس کا انتخاب اکثر پرامن لداخی آبادی کے درمیان دراڑ پیدا کرتا ہے کیونکہ یہ کرگل کے لوگوں کو لیہہ کے لوگوں کے خلاف کھڑا کر دیتا ہے۔
