سری نگر ،26 نومبر:
جنوبی ضلع کولگام کے فرصل یاری پورہ میں سیکورٹی فورسز نے دو آئی ای ڈیز کو ناکارہ بنایا ۔ یو پی آئی کے مطابق فرصل یاری پورہ کولگام کے شیر پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے دو آئی ای ڈیز کا پتہ لگایا جس کے بعد بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو جائے وقوع پر طلب کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بی ڈی ایس اسکارڈ نے آئی ای ڈیز کو ناکارہ بنایا۔
ذرائع نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر میں تین آئی ای ڈیز کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ بتادیں کہ جنوبی کشمیر میں پہلے ہی سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جنوبی کشمیر میں چار اضلاع میں سیکورٹی فورسز انتہائی الرٹ پر ہے۔
