سرینگر،28 نومبر:
جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع اُدھم پور کے چنینی میں سڑک کے ایک دلخراش حادثے میں 4 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر چنینی کے قریب آج صبح ایک کار حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنبہ کے افراد ضلع رامبن کے سنگلدان سے جموں کی طرف جارہے تھے، جب یہ چنینی میں پریم مندر کے قریب پہنچے تو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں گر گئی۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لئے نزدیکی سب ڈسٹرکٹ اسپتال چنینی میں داخل منتقل کیا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دیا۔ دیگر دو کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں ضلع اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا لیکن دونوں زخمیوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جامع مسجد سنگلدان کے امام مفتی عبدالحمید، مفتی جمال دین، ہاجرہ بیگم،عادل گلزار ساکن گول سنگلدان ضلع رامبن نے طور پر ہوئی ہے ۔
