سری نگر،12 جنوری :
وادی کشمیر میں بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ شبانہ د رجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں ایک سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 9.8 ملی میٹر اور کپوارہ میں 11.3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ میں 2 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
