سری نگر ،20/جنوری:
جنوبی ضلع شوپیاں کے ایک درجن کے قریب گاوں کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ادھر دمہال ہانجی پورہ کولگام میں تلاشی آپریشن کے بیچ سیکورٹی فورسز نے مشتبہ افرادکو للکارنے کی خاطر ہوا میں چند گولیوں کے راونڈ فائر کئے۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے جنوبی ضلع شوپیاں کے آٹھ علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے شوپیاں کے ہی پورہ ، بٹہ گنڈ، گڈی پورہ ، آری چیک ، عالم گنج ، حرمین ، صفہ نگری ، امام صاحب ، کیلر ، رام نگری علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ان علاقوں کو محاصرے میں لے لیا۔
دریں اثنا دمہال ہانجی پورہ کولگام میں جمعے کی شام کو تلاشی آپریشن کے بیچ گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دمہال ہانجی پورہ کولگام میں چند مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے علاقے کامحاصرہ کیا جس دوران ملی ٹینٹوں کو للکارنے کی خاطر حفاظتی عملے نے ہوا میں چند گولیوں کے راونڈ فائر کئے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے جبکہ فرار ہونے کے راستوں پر اضافی نفری کو تعینات کیا گیا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب شوپیاں پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ شوپیاں کے ایک درجن کے قریب علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کے گرفتار ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
