سرینگر/31جنوری:
جموں و کشمیر میں رواں ماہ جنوری میں عسکریت پسندی سے متعلق مختلف واقعات میں 7 عام شہریوں اور 2 عسکریت پسندوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بڈگام کے مرکزی بازار میں ایک تصادم میں دو مقامی جنگجو مارے گئے، تاہم اسی ضلع کے روڈبگ گاؤں میں ہونے والے انکاؤنٹر میں سے ایک میں جنگجو فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مشترکہ فورسز نے 2 دراندازوں کو بھی ہلاک کیا جب کہ جنگجوؤں کے حملے میں جموں خطے کے راجوری ضلع کے بالائی ڈنگری علاقے میں دو دن کے اندر اندر دو بچوں سمیت 7 شہری دم توڑ گئے۔اسی طرح بالاکوٹ پونچھ میں دو درانداز مارے گئے۔پولیس کے مطابق مرکزی بازار بڈگام میں ایک تصادم میں دو عسکریت پسندوں کو مار گرایا گیا۔
مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت ارباز احمد میر ساکنہ پتریگام اور شاہد احمد شیخ ساکنہ کیسریگام کاکاپورہ کے طور پر ہوئی ہے، دونوں ضلع پلوامہ کے رہنے والے تھے۔اس بیچ عسکریت پسندوں نے عیدگاہ سری نگر پر بھی گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا۔ اس کے علاوہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں جے سی او سمیت تین فوجی ایک آپریشن کے دوران برف کی پٹڑی پر چلتے ہوئے پھسل کر ہلاک ہو گئے۔ اسطرح سے سال نے کے پہلے مہینے میں مجموعی طورپر گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
