سرینگر/یکم فروری:
شہر ہ آفا ق گلمرگ میں افروٹ چوٹی پر برفانی تودہ گرنے سے دو غیر ملکی سیاحوں کی موت ہو گئی جبکہ 21 دیگر کو بچا لیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ شہر ہ آفاق گلمرگ کی افر وٹ پہاڑی کے ساتھ بھاری برفانی تودہ ٹکرانے کے نتیجے میں دو افرادکی موت ہوئی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ برفانی تودہ آج سہ پہر افروٹ چوٹی کے قریب گرا جس کے نتیجے میں 23 افراد وہاں پھنس گئے ۔ انہوں نے کہا کہ دو کی موت ہوئی ہے جبکہ دیگر 21کو بچا لیا گیا ہے۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں برفانی تودہ گر آنے کے ساتھ ہی بچائو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی لاشیں نکالی گئیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہاں پھنسے 21 دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سیاحوں کا تعلق پولینڈ سے ہے اور مزید طبی اور قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔اس ضمن میں پولیس نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ روس اور پولینڈ کے 19 غیر ملکی شہریوں کو 02 مقامی گائیڈز کے ساتھ جموں و کشمیر پولیس نے محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر گلمرگ کے عفروٹ علاقے سے بچا لیا، جب وہ بڑے پیمانے پر برفانی تودے میں پھنس گئے۔
پولیس کے مطابق آج صبح غیر ملکی سکاریز کی 03 ٹیمیں جن میں 21 غیر ملکی شہری اور 2 مقامی گائیڈ اسکیئنگ کیلئے افروٹ گلمرگ گئے تھے۔ تقریباً 12 بجے30 منٹ پر ایک زبردست برفانی تودہ ہاپت کھڈ کانگڈوری سے ٹکرا گیا جہاں پر سکینگ ٹیمیں پھنس گئیں۔اس اطلاع ملنے پر بارہمولہ پولیس نے فوج اور محکمہ سیاحت کے ساتھ مشترکہ ریسکیو ٹیموں کو متحرک کیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تمام دستیاب آلات کا استعمال کرتے ہوئے بچائو آپریشن شروع کیا۔
بدقسمتی سے، 02 غیر ملکی شہریوں کی شناخت کرزیسلٹوف عمر (43 سال) اور ایڈم گرزیک (45 سال) کے طور پر ہوئی، دونوں پولینڈ سے تھے، برفانی تودے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ دونوں غیر ملکیوں کی لاشیں برآمد کر کے قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
