سری نگر،15فروری:
محکمہ موسمیات نے18فروری تک جموں وکشمیرمیں موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے بدھ کوکہاکہ 19سے21فروری تک بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری اورمیدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کاامکان ہے۔اس دوران حالیہ کچھ دنوں کے برعکس بدھ کے روز سری نگرسمیت کشمیرکے کئی علاقوں میں دن بھر دھوپ چھاؤں کاکھیل جاری رہا جبکہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت میں بہتری آئی لیکن پھر بھی پارہ صفر سے نیچے رہا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ 19 فروری سے 21 فروری کی دوپہر تک میدانی علاقوں میں ہلکی بارش و برفباری اور درمیانی اور اس دوران اونچے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کاہونے امکان ہے۔اس دوران بدھ کی صبح کچھ وقت کیلئے ہلکی دھوپ نکلی لیکن پھر دن کوبیشتروقت دھوپ چھاؤں کاکھیل جاری رہا تاہم درجہ حرارت میں نمایاں بہتری آئی ۔
اُدھر محکمہ موسمیات نے کہاکہ موسمی حالات میں مجموعی بہتری کے ساتھ، پوری وادی کشمیر میں بدھ کو دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگیا۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے کہاکہ سری نگر میں بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی تھا جوکہ معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ قاضی گنڈ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جومعمول سے 1.1 ڈگری کم تھا۔
اُدھرجنوبی کشمیر کے مشہورسیاحتی مقام پہلگام میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جومعمول سے0.8 ڈگری کم تھا۔شمالی کشمیر کے قصبہ کپوارہ میں گزشتہ رات کاپارہ منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈاورمشہورسیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اُدھر کوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
