سرینگر /19فروری :
سرکاری زمین کو واپس بازیاب کرنے کی مہم کے بیچ جموں کشمیر کے چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے محکمہ مال کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ فی الحال انسداد تجاوزات مہم کو روک دیں اور بازیاب کی گئی زمین کی مکمل جیو ریفرنسنگ اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مکمل کیا جائے ۔ ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی ہے کہ سرکاری زمین جو باز یاب کی گئی ہے اس کو عوامی مقاصد کیلئے استعمال کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کی حکومت نے فی الحال جموں کشمیر میںسرکاری زمین سے قبضہ ہٹانے کی مہم کو روک دیا ہے اور افسران کو ہدیت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد بازیافت کی گئی اراضی کی جیو ریفرنسنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کی جائے تاکہ باز یاب شدہ زمین کا استعمال عوامی مقاصد کیلئے عمل میںلایا جائے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں کشمیر میں سٹیٹ لینڈ کو واپس حاصل کرنے کی مہم شروع کی گئی جس کے بعد چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں زیر بحث آیا ۔ا س میٹنگ میں محکمہ ریونیو نے ایک مکمل رپورٹ پیش کی ۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انسداد تجاوزات مہم کو احتیاط سے نمٹا جانا چاہیے۔
ساتھ ہی چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اگر کوئی مکان مسمار کیا گیا ہے تو ایسی مسماری کی تفصیلات صوبائی کمشنرمرتب کریں اور چیف سیکرٹری کے دفتر کو پیش کریں۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام بازیافت شدہ اراضی کی جیو ریفرنسنگ اور ڈیجیٹائزیشن کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اب تک کی گئی کارروائیوں کو یکجا کیے بغیر مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حاصل کی گئی زمین کی تفصیلات داخلی جانچ کیلئے پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی پہلے سے ہی محکمہ ریونیو کے ساتھ مشاورت سے ایک علیحدہ پورٹل/ڈیش بورڈ تیار کرنے کے عمل میں ہے تاکہ تمام بازیافت شدہ زمینوں کی مخصوص تفصیلات ریکارڈ کی جائیں اور اسے پبلک ڈومین میں رکھا جائے۔حاصل شدہ اراضی کی حفاظت کیلئے چیف سیکرٹری نے محکموں کو ان کے استعمال کی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع نے چیف سکریٹری کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ دوبارہ حاصل شدہ ریاستی اراضی کو عوامی مقاصد کیلئے مختص کرنے کی نگرانی کرے گا‘‘۔ ذرائع نے کہا کہ کوئی محکمہ جو دوبارہ حاصل کی گئی زمین کو کسی خاص مقصد کیلئے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جیسے ہسپتال، کھیل کے میدان، بس اسٹینڈ، پارکنگ کی جگہیں، اسکول، کالج، سڑکیں اور صنعتیں وغیرہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کر سکتے ہیں اور مالی سال 2023-24 کے دوران فنڈنگ کی تجویز سے آگاہ کر سکتے ہیں۔
