سرینگر/21فروری:
جموں میں ’’ہیومن ٹریفکنگ ‘‘ کے ایک بڑے ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے دو خواتین سمیت چار افراد لوگوں کو حراست میں لیا ہے ۔ جس دوران پانچ لڑکیوں کو بازیاب کرایا گیا ۔
سی این آئی کے مطابق جموں میں لڑکیوں کی سمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس نے 5لڑکیوں کو سمگلروں کے چنگل سے چھڑانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ دو خواتین سمیت اس ریکٹ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو خواتین سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا اور یہاں پانچ نابالغ لڑکیوں کو بچایاہے۔پولیس کی ایک ٹیم کو بس اسٹینڈ کے پاس کھڑی کچھ نابالغ لڑکیوں کے بارے میں اطلاع ملی۔
انہوں نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ لڑکیوں کی اسمگلنگ کی جا رہی تھی۔پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کا سراغ لگایا اور انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے چار ملزمان کو پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی شناخت عاصمہ اختر، روحینہ اختر، محمد رفیق اور محمد عارف کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو مناسب طبی قانونی کارروائیوں کے بعد کونسلنگ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
