جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جائیداد سے متعلق ٹیکس پر تنقید کرنے والوں کی خوب خبر لی ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ جب یہاں کے لوگ آئی فون خریدتے ہیں، انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہیں اور ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں تو کم سے کم پراپرٹی ٹیکس کے خلاف ہونے والی تنقید بے جا ہے، جس کے کوئی معنی نہیں ہے۔
جمعہ کو پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) کے آغاز کے موقع پر سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نافذ پراپرٹی ٹیکس ملک میں سب سے کم ہے اور اب بھی اس پر شور و غوغا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگ آئی فون خریدتے ہیں، انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال کرتے ہیں اور ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں۔ یہاں تک کہ جو لوگ ٹیکس ادا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں وہ بھی ادا نہیں کرنا چاہتے۔
