سرینگر،28فروری:
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان ایک مقابلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ تصادم سرینگر جموں شاہراہ سے متصل پدگام پورہ گاؤں میں ہوا ہے جو پولیس ضلع اونتی پورہ کے قریب ہے۔
اطلاعات کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں کچھ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد اس گاؤں کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے مبینہ طور فورسز پر گولی چلا دی، جس سے انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی جوانوں کو بھی گولیاں لگی ہیں، جنہیں بعد میں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس گولی باری میں ایک عسکریت پسند ہلاک کردیا گیا ہے۔ عسکریت پسند کی لاش ابھی تک برآمد نہیں ہوئی ہے جبکہ انکاؤنٹر جاری ہے۔
