سرینگر/28فروری:
جموں و کشمیر کا عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پہلگام ہمیشہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ سیاح پہلگام کے مختلف مقامات کا سیر کرتے ہیں۔ بیسرن ( مینی سوزرلینڈ) ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے منفرد مقامات میں سے ایک ہے، جو صدر مقام پہلگام سے تقریبا 3کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ وادی بیسرن یعنی مینی سوزرلینڈ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملک و بیرونی ممالک سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں پہنچتی ہے۔
سیاحوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے یہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کر چکے ہیں، تاہم پہلگام کی بیسرن وادی (مینی سوزرلینڈ) انہیں سب سے اچھی لگی ،بلند اور سر سبز پہاڑیوں کے درمیان واقع اس جگہ کی سیرو تفریح سے انہیں کافی مزہ آیا۔اپنے جسم و ذہن کو ترو تازہ کرنے کے لئے بیسرن وادی جیسی اور کوئی موزوں جگہ نہیں۔سیاحوں نے مزید کہا کہ بیسرن وادی خوبصورتی سے بھرپور ہے، تاہم اس خوبصورت جگہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے،تاکہ یہاں کی جانب زیادہ سے زیادہ سیاح آسکیں، جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے وسائل کھل جائیں۔
مقامی لوگ سیاحوں کی آمد سے کافی خوش نظر آرہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پچھلے دو مہینے سے ان کا روزگار کافی متاثر ہوا تھا، تاہم ں آہستہ آہستہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد انہوں نے راحت کی سانس لی۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد ان کی امیدیں بڑھ گئیں اور وہ گزشتہ نقصانات کے بھرپائی کی امید کر رہے ہیں،تاہم حکام کی جانب سے بیسرن وادی کی جانب خاص توجہ نہیں دی جا رہی ہے، انہوں نے یہاں کی سڑکیں خستہ ہو چکی ہیں، وہیں ڈرینیج نظام ناکارہ ہے، اور جگہ جگہ گندگی پائی جا رہی ہے، جس سے اس حسین جگہ کی خوبصورتی پر اثر پڑا ہے، انہوں نے حکام سے بیسرن ویلی کی جانب توجہ مبذول کرنے کی اپیل کی۔
