سرینگر28 فروری:
جنوبی کشمیر کے پدگام پورہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو مقامی جنگجو از جان جبکہ ایک فوجی جوان بھی جاں بحق ہوا ۔ اے ڈی جی پی نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھے۔
ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب پدگام پورہ اونتی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک فوجی کو مردہ قرار دیا جبکہ دوسرے کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت عاقب مشتاق بٹ ساکن ملنگ پورہ اونتی پورہ اور اعجاز احمد بٹ ساکن سید آباد پستونہ ترال کے بطور ہوئی۔انہوں نے کہاکہ عاقب مشتاق بٹ پہلے حزب کے ساتھ وابستہ تھا اور پچھلے کچھ مہینوں سے وہ ٹی آر ایف کے لے کام کر رہا تھا۔ان کے مطابق اعجاز احمد بٹ جیش سے وابستہ تھا۔وجے کمار کا مزید کہنا تھا کہ عاقب نامی مہلوک ملی ٹینٹ جنوری 2021 سے سرگرم تھا جبکہ اعجاز نے سال 2022میں ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈت سنجے کمار کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹ کو دو دنوں کے اندر اندر مار گرایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجووں کے خلاف بہت سارے مقدمات بھی درج ہیں اور وہ سیکورٹی ایجنسیوں کو انتہائی مطلوب تھے۔لاجورہ پلوامہ میں غیر مقامی مزدوروں پر حملوں میں بھی ان کا ہاتھ رہا ہے جبکہ ترال میں ہتھیار چھیننے کے ایک واقعے میں بھی ان کے خلاف مقدمہ درج تھا۔انہوں نے کہاکہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پدگام پورہ اونتی پورہ تصادم میں مارا گیا ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث تھا۔اے ڈی جی پی وجے کمار کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا اور وہ سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پدگام پورہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت عاقب مشتاق بٹ ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی۔انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا۔
ان کے مطابق عاقب مشتاق نے پہلے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم میں شامل ہوئے۔بتادیں کہ اتوار کی صبح پلوامہ کے اچھن گاوں میں ملی ٹینٹوں نے کشمیری پنڈت سنجے شرما پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اہلیہ کے ہمراہ ہسپتال کی طرف جا رہا تھا۔علاوہ ازیں پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم کے نزدیک جانے سے اُس وقت تک گریز کیا کریں جب تک اُس علاقے کو محفوظ قرار نہ دیا جاسکے۔
