سرینگر /08مارچ:
سمارٹ میٹر پروجیکٹ کی تنصیب کا کام اگلے ڈھائی سالوں میں 100 فیصد مکمل کر لیا جائے گا کادعویٰ کرتے ہوئے کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ ( کے پی ڈی سی ایل ) کے چیف انجینئر نے کہا کہ آر ڈی ایس ایس اسکیم کے تحت اگلے 2 سالوں میں 6.85 لاکھ سمارٹ میٹر لگائے جائیں گے۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ سمارٹ میٹروں کو نصب کرنے کے خلاف احتجاج کے بعد کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی کاٹ دی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل ) کے چیف انجینئر جاوید یوسف ڈار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سمارٹ میٹروں کو لگانے میں رکاوٹ نہ بنیں کیونکہ اس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور صارفین کو بنا کٹوتی کے بجلی سپلائی ملے گی ۔ چیف انجینئر جاوید یوسف ڈار نے بتایا کہ اب تک کم از کم 80 ہزار سمارٹ میٹر نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ پی ایم ڈی پی کے تحت 2.5 لاکھ مزید سمارٹ میٹر لگائے جانے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں شروع کی گئی آر ڈی ایس ایس اسکیم کے تحت اگلے 2 سالوں میں 6.85 لاکھ سمارٹ میٹر لگائے جائیں گے اور سمارٹ میٹر پروجیکٹ کی تنصیب کا کام اگلے ڈھائی سالوں میں 100 فیصد مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سمارٹ میٹر کی تنصیب بہت سے علاقوں میں پرامن طریقے سے کی گئی، لیکن کچھ علاقوں میں احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں چند علاقوں میں بجلی منقطع کرنی پڑی جہاں احتجاج دیکھنے میں آیا اور سمارٹ میٹر کی تنصیب کا عمل روک دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس میں رکاوٹ نہ بنا چاہیے کیونکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ صارفین کو بنا خلل بجلی سپلائی فراہم کی جائے ۔ جاوید یوسف ڈار نے مزید بتایا کہ کشمیر وادی میں صارفین کو بہتر سے بہتر بجلی سہولیات بہم رکھنے کیلئے محکمہ کام کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بجلی کو لیکر صارفین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو ۔
