سرینگر،10مارچ:
جموں اور سرینگر میں ایس ایس بھرتی معاملے پر احتجاج کے بین جے کے ایس ایس بی چیرمین نے کہا ہے کہ ہم اعلیٰ ترین سیکورٹی کے ساتھ 16 مارچ سے شیڈول امتحانات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کی میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔
شرما نے بتایا کہ مذکورہ ایجنسی پر حتمی پابندی نہیں لگائی گئی تھی بلکہ اسے کچھ مدت کیلئے بلیک لسٹ کیا گیا تھا جو کہ سال 2019سے 2022تک کا میعاد تھا جو گزر چکا ہے ۔ انہوں نے جہاں تک ریکروٹمنٹ ایجنسی کے خلاف الزام کا تعلق ہے، یہ معاملہ زیر سماعت ہے اور ہائی کورٹ اس معاملے میں فیصلہ کرے گی۔ مسئلہ نعرے بازی سے نہیں قانون سے حل ہوگا۔
سی این آئی کے مطابق بھرتی کے عمل کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے بعض عناصر کے خلاف ملازمت کے متلاشیوں کو خبردار کرتے ہوئے، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے چیئرمین راجیش شرما نے جمعہ کو نوجوانوں کو یقین دلایا کہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔شرما کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جموں اور سرینگر میں ملازمت کے خواہشمندوں کے گروپوں کی طرف سے پچھلے دو دنوں سے جے کے ایس ایس بی کی طرف سے بلیک لسٹ کی گئی ایک کمپنی اپٹیک لمیٹڈ کی خدمات حاصل کرنے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ آپ کے تحفظات سے بخوبی آگاہ ہے اور امتحانات کو منصفانہ، شفاف اور محفوظ طریقے سے منعقد کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں گی۔
شرما نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ افواہیں پھیلانے والوں اور ان لوگوں پر دھیان نہ دیں، جو صرف عمل میں خلل ڈالنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
