سرینگر/13مارچ:
سال رفتہ جموں کشمیر میں ایک کروڑ 49لاکھ سے زائد سیاحوں نے دورہ کیا جن میں سے امرناتھ ، ویشنو دیوی یاتریوں کی بھی ایک اچھی خاصی تعداد تھی۔ یہ اعدادوشمار متعلقہ حکام نے حق اطلاعات قانون کے تحت دائر ایک درخواست کے جواب میں فراہم کئے ہیں۔
سی این آئی کے مطابق حق اطلاعات قانون کے تحت سوال کے جواب میں حکام نے بتایاکہ گزشتہ سال 2022 میں جموں خطہ میں آنے والے سیاحوں کی کل تعداد کے بارے میں معلومات دینے سے انکار کرنے کے بعد، محکمہ سیاحت نے آخر کار اس کل تعداد کا انکشاف کیا جب درخواست دہندہ نے حق معلومات کے تحت ایک اور درخواست جمع کرائی تھی۔ درخواست گزار ایم ایم شجاع، سماجی کارکن، ماہر ماحولیات اور سینئر صحافی نے متعدد سوالات کے حوالے سے محکمہ سیاحت سے جواب طلب کیا تھا۔
تاہم محکمہ نے دعویٰ کیا کہ سوالات کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔محکمہ نے انکشاف کیا ہے کہ 2022 میں 159.33 لاکھ سیاحوں میں سے 149.92 یاتری سیاح تھے جنہوں نے مندروں، درگاہوں اور گرودواروں سمیت مختلف یاتری مقامات کا دورہ کیا۔
محکمہ نے مزید انکشاف کیا کہ کیپیکس بجٹ کے تحت سال 2022-23 کے لیے بجٹ کی مختص رقم 3468.20 لاکھ روپے تھی۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال جو ریکارڈ سیاح وادی وارد ہوئے تھے وہ گزشتہ ستر سالوں میں سب سے زیادہ تعداد تھی۔
