سری نگر:۴۱،مارچ:
ممبئی نشین مبینہ طورپر بلیک لسٹ کمپنی APTECHکو مختلف اسامیوں کی بھرتی کیلئے کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان منعقدکرنے کی ذمہ داری سونپے جانے کیخلاف متعلقہ اُمیدواروں کے حالیہ احتجاج کے بیچ حکومت نے 16مارچ2023سے5اپریل2023تک ہونے والے مجوزہ بھرتی امتحان کی نگرانی کیلئے31سرکاری افسروں کی بطورمبصرین کے تقرری عمل میں لائی ہے۔
جے کے این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات حکومت کے کمشنر سیکرٹری سنجیو ورما(آئی اے ایس )کی جانب سے 13مارچ2023کوجاری کردہ ایک گورنمنٹ آرڈر زیر نمبر351-JK(GAD)آف2023بعنوان ’ کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کا انعقاد – مبصرین کی تقرری‘میں کہاگیاہے کہ جموں وکشمیر سروسزسلیکشن بورڈ کے ذریعے مختلف اسامیوں کی بھرتی کیلئے ہونے والے کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کے انعقاد کی نگرانی کیلئے جموں وکشمیرمیں 31افسران کی بطور مبصرین کے تقرری عمل میں لائی گئی ہے ،جو جموں وکشمیر کے مختلف علاقوںمیں قائم کئے جانے والے مراکز میں کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کے انعقاد کی نگرانی کریں گے
۔31افسروںمیں سے10جموں ڈویژن میں بطور مبصرین کے خدمات انجام دیں گے جبکہ باقی 21نامزد سرکاری افسران مبصرین کی حیثیت سے کشمیر ڈویژن کے مراکز میں کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کے انعقاد کی نگرانی کریں گے ۔ مختلف اسامیوں کی بھرتی کیلئے ہونے والے کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کے انعقاد کی نگرانی کیلئے نامزد افسران کیلئے جموں وکشمیر سروسزسلیکشن بورڈکی جانب سے14مارچ کوجموں اورسری نگرمیں صبح 11بجے واقفیت پروگرام کااہتمام کیاگیا۔
اس پروگرام کے دوران بطور مبصرین کے نامزد سرکاری افسروں کواسبات کی جانکاری فراہم کی گئی کہ وہ جموں وکشمیر سروسزسلیکشن بورڈ کے ذریعے مختلف اسامیوں کی بھرتی کیلئے ہونے والے کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحان کے انعقاد کی نگرانی کیسے انجام دیں گے ۔
