سرینگر/28مارچ:
سنتھن ٹاپ پر برف ہٹانے کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر ایک جے سی بی آپریٹر لقمہ اجل بن گیا ہے ۔ ابھی تک جے سی بی آپریٹر کی لاش کو برآمد نہیں کیا جاسکا ہے ۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ برف ہٹانے میں مصروف دیگر مزدور بھی لاپتہ ہوئے ہیں جن کو ڈھونڈنے کیلئے بڑ پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔
اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے میں برینگ ویلی اور چناب وادی کے کشتواڑ ضلع کے درمیان واقع مشہور پہاڑی درے سنتھن ٹاپ پر برف ہٹانے میں مصروف ایک جے سی بی آپریٹر منگل کو برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کئی JCBs علاقے میں برف ہٹانے میں مصروف تھے کہ اچانک برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے وہ برف کی زد میں آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر ایس ایچ او لارنو کے ہمراہ تحصیلدار لارنو کی نگرانی میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ایک جے سی بی آپریٹر کی لاش برآمد نہیں ہوئی ہے جبکہ ممکنہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس بتاتی ہیں کہ برف صاف کرنے میں مصروف افراد میں سے دو افراد لاپتہ ہیں لیکن صحیح تفصیلات کی تصدیق ابھی جاری ہے۔ "ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور ہم کسی بھی لاپتہ شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دریں اثنا، افسر نے متوفی جے سی بی آپریٹر کی شناخت جاوید احمد زگو (35) ولد عبدالعزیز زگو ساکن لارنو کے طور پر کی ہے۔
