سرینگر 29 مارچ:
اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا بنیادی ہدف جموں کشمیر میں ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ عوام ایک پر امن، باوقار اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔وہ آج سری نگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔
اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں چیئرمین میونسپل کمیٹی، حاجن، ارشاد احمد وانی اور نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس، کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں کارکنان شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے سے تعلق ہے۔پارٹی میں شامل ہونے والے نئے لوگوں کا استقبال کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان سرکردہ سیاسی کارکنان کی شرکت کی وجہ سے اپنی پارٹی کو سونہ واری علاقے میں مزید تقویت حاصل ہوگی۔
انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے اشخاص کو یقین دلایا کہ جب وہ اپنے علاقے میں عومی خدمت میں جھٹ جائیں گے تو انہیں پارٹی لیڈرشپ کا بھر پور تعاون حاصل ہوگا۔اس موقعے پر اپنی پارٹی کے ایجنڈے کا تذکرہ کرتے ہوئے پارٹی صدر نے کہا، ”اپنی پارٹی ایک عوامی جماعت ہے۔ ہمارا تعلق جموں کشمیر کے عام لوگوں کے ساتھ ہے۔ اس لئے ہماری بنیادی مقصد جموں کشمیر میں ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، جس میں یہاں کے لوگ ایک پر امن، باوقار اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔دریں اثنا میڈیا سے بات چیت کے دوران الطاف بخاری نے کہاکہ اس بات کوئی دورائی نہیں کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں امن قائم ہوا ہے۔
