سری نگر، 30 مارچ :
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 5 اپریل تک برف وباراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے 31 مارچ کو اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں اگلے دو دنوں کے دوران میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوستی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشوں کے لئے31 مارچ کو اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور اس دن سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے کا بھی امکان ہے۔
محکمے نے وادی میں 30 مارچ اور یکم اپریل سے 3 اپریل تک زرد الرٹ جاری کیا ہے۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
