سری نگر،04 اپریل:
سری نگر کے باغ مہتاب علاقے میں کرایہ کے مکان میں قائم کئے گئے جسم فروشی کے ایک اڈے کو پولیس نے بے نقاب کرکے دو افراد کو حراست میں لیا جبکہ چار خواتین اور دو گاہکوں کو پوچھ گچھ کی خاطر تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجما ن نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ باغ مہتاب سری نگر میں کرایہ کے مکان میں قائم کردہ ایک جسم فروشی کے اڈے پر چھاپہ ماری کرکے دو افراد جن کی شناخت ارشاد احمد بٹ ساکن کدلہ بل پانپو راور محمد شفیع ہجام ساکن کریم آباد پلوامہ کے بطور ہوئی ہے کو حراست میں لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چار خواتین اور دو گاہکوں کو بھی پوچھ گچھ کی خاطر گرفت میں لئے گئے ۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ پیر کے روز چھانہ پورہ پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد باغ مہتاب میں جسم فروشی کے ایک اڈے پر چھاپہ مارا ۔
پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 19/2023کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مکان مالک نے کرایہ داروں کے بارے میں جانکاری حاصل نہیں کی لہذا اس کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ویری فکیشن کے بغیر اپنے مکانات و دکانیں کرایہ پر نہ دیں ۔
