سرینگر/10اپریل:
ہندوارہ میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کے دوران دو لڑکیوں نے ڈرامائی انداز میں چلتی کار سے سڑک پر چھلانگ لگائی جس کی وجہ سے دونوں کو چوٹیں آئی جبکہ پولیس نے معاملے میں ملوث افراد کے خلاف کیس درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے ۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ہندواڑہ کے لنگیٹ علاقے میں دو لڑکیوں نے چلتی کار سے اس وقت چھلانگ لگا دی جب گاڑی کے ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کرال گنڈ ہندواڑہ میں دو نوعمر لڑکیاں گھر پہنچنے کے لیے گاڑی کا انتظار کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایک نامعلوم کار نے انہیں روک کر لفٹ کی پیشکش کی۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے چھیڑ چھاڑ سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔
انہوں نے کہاکہ فرار ہونے کے دوران، انہیں معمولی خراشیں آئیں اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی ہے اور ابتدائی طورپر متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے ۔
