سری نگر/10؍اپریل:
سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( ایس سی اِی آر ٹی ) نے آج تعلیمی سال 2022-23ء کے مڈل سٹینڈرڈ کے نتائج کا علان کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی میں ایک متحد تعلیمی کیلنڈر عملایا ہے اور مارچ۔اپریل سیشن کے دوران اِمتحانات کا اِنعقاد کیا ہے۔
جموںوکشمیر کے تمام 20اَضلاع میں سرکاری اور نجی سکولوں کے تقریباً 1,75,547 طلباء نے تعلیمی سال 2022-23 ء کے سیکنڈ ٹرم کاامتحان دیا۔ بہتر اور مؤثر اِمتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی کو دو زونوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
جوائنٹ ڈائریکٹر نے کہا،’’ نتائج بہت زیادہ مثبت رہے ہیں ، کل 1,69,564 اُمید واروں نے کوالیفائی کیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 96.6 فیصداُمید وار کامیا ب ہوئے۔‘‘
صوبہ جموں میں کل 88,506 اُمید واروں نے اِمتحان میں شرکت کی جن میں سے 86,132 اُمید واروں نے کوالیفائی کیا جن میں سرکاری سکولوں کے 93.85 فیصد اور نجی سکولوں کے 97.84 فیصد اُمیدوار کامیاب ہوئے۔
صوبہ کشمیر میں کُل 87,041 اُمید واروں نے اِمتحان میں شر کت کی جن میں سے 83,432 اُمید واروں کو کامیاب قرار دیا گیاجن میں سرکاری سکولوں کے 95.67 فیصداور نجی سکولوں کے 95.53 فیصداُمید وار کامیاب ہوئے۔
ڈائریکٹر ایس سی اِی آر ٹی پروفیسر پرکھشت سنگھ منہاس نے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے ایس سی اِی آر ٹی ، ڈی آئی اِی ٹی ایس اور دیگر شراکت داروں کا بھی شکریہ اَدا کیا جنہوں نے اِس سخت مشق کو ممکن بنانے میں تعاون کیا۔
ایس سی اِی آر ٹی اور متعلقہ( ڈی آئی اِی ٹی ایس) کو اِمتحانات کے اِنعقاد کے پورے عمل کی نگرانی کا کام سونپا گیا تھا۔
