پونچھ20،اپریل:
سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں موسم خراب ہونے کے بیچ جمعرات کوایک فوجی گاڑی آسمانی بجلی کی زدمیں آگئی ،جسکے نتیجے میں گاڑی میں آگ نمودار ہوئی اور اس میں سوارکم سے کم 4فوجی جوان لقمہ اجل بن گئے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق یہ خطرناک قسم کاواقعہ مینڈھر پونچھ کے بھاٹا دھوریاں کے علاقے میں ایک شاہراہ پر پیش آیا۔
ذرائع نے بتایاکہ فوجی گاڑی رواں دواں تھی کہ اچانک ایک آسمانی بجلی اس گاڑی پر گرگئی ،جسکے نتیجے میں فوجی گاڑی میں آگ نمودار ہوگئی،اوردھماکہ بھی ہوا ۔حکام نے بتایاکہ آسمانی بجلی گرنے سے مشتبہ طور پرگاڑی میں آگ لگنے سے اس میں سوار کم سے کم4فوجی مارے گئے جبکہ گاڑی کوکافی نقصان پہنچا۔
انہوںنے کہاکہ پونچھ قصبہ سے تقریباً90کلومیٹر دور واقع بھاٹا دھوریاں کے علاقے میں یہ واقعہ رونما ہونے کی اطلاع ملتے ہی فوج اورپولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں اورانہوں نے فوری بچاؤ کارروائی عمل میں لائی ۔
