سرینگر/ 21 اپریل :
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں لون نے کہا کہ عید الفطر خوشی اور شکر گزاری کا دن ہے۔ یہ خاندانوں اور دوستوں کے لئے پیار و خلوص کے ساتھ مل بیٹھنے کا وقت ہے اور یہ دن بھائی چارے کے بندھن کو مضبوط کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم عید الفطر منا رہے ہیں تو آئیے ہم ان لوگوں کو یاد رکھیں جو کم نصیب ہیں اور ان کی مدد کریں، آئیے ہم ایک جامع اور پُرامن معاشرے کی تعمیر کے لئے کوشش کریں، جہاں ہر کوئی عزت اور احترام کے ساتھ رہ سکے ۔
لون نے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس دن جموں و کشمیر میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی لائے گا۔ انہوں نے باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور لوگوں کو ریاست کی ترقی کے لئےکام کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر ہمارے لئے اکٹھے ہونے اور اپنے معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرنے کا موقع ہے۔ آئیے ہم ایک دوسرے کو بلا کسی تفریق کے گلے لگائیں اور اس تقریب کو امن اور ہم آہنگی کے ساتھ منائیں۔
