سری نگر،25 اپریل:
26اپریل سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کے امکان اور عام طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کے درمیان، منگل کو رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے یہاں بتایا کہ بدھ سے بعض مقامات پر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
26سے 28اپریل تک موسم عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور27 اپریل کو بہت سی جگہوں پر گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے (کشمیر کے وسطی اور شمال مغربی حصوں کے بالائی میں ہلکی برف باری ہونے کا امکان)۔ انہوں نے مزید کہا کہچند مقامات پر درمیانی شدت کی بارش بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دوپہر اورشام کے اوقات تیز ہوا چلنے کے ساتھ ژالہ باری کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا،”29سے30 اپریل تک عام طور پر مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کچھ جگہوں پر مختصر مدت کے لیے متوقع ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا’اپریل کے آخر تک بھاری بارش یابرفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔‘
