جموں/25؍اپریل:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج کنونشن سینٹر میں جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹیو سروس ، جے اینڈ کے پولیس سروس اور جے اینڈ کے اکائونٹس سروس کے نئے بھرتی ہونے والوں کو تقرری کے احکامات سونپے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام نوجوان بھرتیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور شفاف اور تیز رفتار اِنتخابی عمل کے لئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی تعریف کی۔
اُنہوں نے کہا ،’’ جے کے پی ایس سی قابل رشک بینچ مارکس کے ساتھ تبدیلی کی رفتار فراہم کر رہا ہے اور آخری اُمیدوار کے اِنٹرویو کے اختتام کے بعد تین گھنٹے کے اندر 2021 ء جے کے پی ایس سی اِمتحان کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِنتخاب کا شفاف طریقہ کار حکومت کو بہترین بھرتی کرنے اور کام کے کلچر کو تبدیل کرنے کے قابل بنارہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ریاستی خدمات عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے جامع ترقی اور خدمات کی فراہمی میں اہم کردار اَدا کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے دیرپا اور تیز رفتار اِقتصادی ترقی کے چیلنج اور ترقی کو مساوی طور پر یقینی بنانے کے لئے درکار کوششوں پر روشنی ڈالی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ آپ کو یس مین بننے کی ضرورت نہیں ہے لیکن وہ کریں جو آپ کا ضمیر آپ کو کہے اور عوام کے مفاد کو ہر چیز سے بالاتر رکھیں ۔ یاد رکھیں ، آپ کی میز پر ہر فائل کے پیچھے ہزاروں لوگوں کی اُمید یں اور خواب ہیں۔ ‘‘
اُنہوں نے غیر جانبدارانہ ، دیانتدارانہ ، مؤثر اور بے خوف خدمت ایک اَچھی اِنتظامیہ کا بنیادی ڈھانچہ ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان اَفسران عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے اَپنی ذمہ داری کو اِنتہائی حساسیت ، عزم اور لگن کے ساتھ نبھائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ تیزی سے بدلتی ہوئی دُنیا میں اَفسارن کو بھی کسی بھی دوسرے پیشے کی طرح خود کو نئے سرے سے ڈھالنا ہوگا اور معاشرے میں تبدیلی اور ترقی کے مطابق ڈھالنے کے لئے نئی مہارتیں سیکھنی ہوں گی ، جمہوری اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا اور عوام کے تئیں عزم کو بہتر طریقے سے پورا کرنا ہوگا۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ آج ہم عالمی قیادت کی دہلیز پر کھڑے ہیں تو عام آدمی کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ اگلے پانچ برسوں میں گورننس مکمل طور پر ڈیٹا پر مبنی ہو گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے انتظامی نظام کو مؤثر ادارہ جاتی فریم ورک کی ضرورت ہوگی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اہداف، وسائل اور عمل کی بہتر ترتیب، جدت طرازی کی صلاحیت اور سٹریٹجک مہارتوں کے ساتھ، بزرگوں کا تجربہ نئی نسل کے عزم کے ساتھ مل کر جموں کشمیر کے مستقبل کی راہ بہتر کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ان اقدار اور اخلاقیات کا اشتراک کیا جن کے ساتھ سرکاری ملازمین کو عام آدمی کی خدمت کرنی چاہئے اور انصاف کی فراہمی اور ہمیشہ حق کے لئے کھڑے رہتے ہوئے کمزور اور غریب کی عزت کی حفاظت کرنی چاہئے۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتانے نو تعینات افسران کو مشورہ دیا کہ وہ قوم کے تئیں اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کے تئیں ہمیشہ ثابت قدم رہیں اور لوگوں کی خدمت کریں۔
اِس موقعہ پرسینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران، ایڈوکیٹ جنرل، انتظامی سکریٹریز، سول انتظامیہ اور پولیس کے افسران کے علاوہ نوجوان مقررین اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔
