سری نگر،27اپریل:
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق بدھ کی سہ پہر سے وادی کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور اوپری پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی جس وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں ایک دفعہ پھر اضافہ دیکھنے کو ملا ۔
شمالی کشمیر کے تلیل میں یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف و باراں کا سلسلہ جاری تھا۔ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں بدھ کی سہ پہر سے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور اوپری پہاڑوں پر برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ وادی کے اوپری پہاڑوں پر تازہ برف باری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ بدھوار دیر شام شمالی کشمیر کے تلیل میں برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا ۔
ماہرموسمیات فیضان عارف نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی کے پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات شام تک وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف و باراں کا امکان ہے۔ ان کے مطابق کہیں کہیں پر تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ بھاری بھی متوقع ہے۔
