جموں،29 اپریل:
جموں و کشمیر ہائوسنگ بورڈ پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) مشن کے تحت ملک کے مختلف حصوں سے عارضی یا مستقل طور جموں ہجرت کرنے والے شہریوں کو 336 فلیٹس الاٹ کرے گا۔
بورڈ ذرائع کے مطابق جموں کے سنجوان علاقے میں سستے رینٹل ہائوسنگ کمپلیکس بن رہے ہیں اور ملک کے شہریوں، جنہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) مشن کے تحت ملازمت، تعلیم یا طویل المدتی سیاحتی دورے کے لئے جموں ہجرت کی ہے، کو 336 فلیٹس الاٹ کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا: ‘سستی رینٹل ہائوسنگ کمپلیکسز’ کے نام سے موسوم اس اسکیم کے تحت ای ڈبیلو ایس \\\\ ایل آئی جی شہری تارکین وطن بشمول مزدور، شہر کے غریب لوگ (ریڑی بان، رکشہ چلانے والے دیگر خدمات فراہم کرنے والے)، صنعتی کارکنان، بازار میں کام کرنے والے تارکین وطن، تجارتی انجمنوں،تعلیمی و صحت اداروں، طالب علموں، طویل المدتی سیاحوں وغیرہ کے لئے کرایہ پر مکان فراہم کئے جا رہے ہیں ‘۔
ذرائع نے بتایا کہ فلیٹ الاٹ کرنے کا عمل اگلے ماہ یعنی ماہ مئی سے شروع ہوگا اور پہلے مرحلے میں 96 فلیٹ الاٹ کئے جائیں گے اور بعد میں ماہ اکتوبر میں پی ایم اے وائی اسکیم کے تحت ضرورت مندوں کو 240 فلیٹ الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الاٹی کو بہت کم کرایہ ادا کرنا ہوگا تاہم بجلی اور پانی کا فیس الگ ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا: ‘اکثر غیر مقامی لوگ مزدوری یا دوسری مصروفیات کے لئے شہر آتے ہیں لیکن کم کمائی کی وجہ سے وہ مہنگے گھروں میں قیام نہیں کر سکتے ہیں یہ اسکیم ان لوگوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی’۔
ذرائع نے بتایا کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے درخواست دہندگان جے کے ہائوسنگ بورڈ کی ویب سائیٹ پر آن لائن ایپلائی کر سکتے ہیں جس کے لئے پانچ سو روپیہ فیس ہے رجسٹریشن کے بعد ان کے رجسٹرڈ سیل فون پر ایک ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت 96 فلیٹس الاٹمنٹ کے لئے تیار ہیں ہر فلیٹ کا ایک کمرہ، کیچن، ہال اور باتھ روم ہے جو پچیس برسوں کی مدت کے لئے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر دو برس کے بعد کرایہ میں آٹھ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ درخواست دہندگان 15 مئی تک ایپلائی کرسکتے ہیں جس کے بعد دستاویزات کی و یری فکیشن کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ یہ فلیٹس پہلے میونسپل کارپوریشن نے سال2014 میں تعمیر کئے تھے لیکن کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سال 2021 میں کام کے تکمیل کے لئے یہ ہائوسنگ بورڈ کو دئے گئے تھے۔
