جموں یکم مئی :
ڈائریکٹر انفارمیشن کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد مِنگا شیرپا نے آج حکومت جموں و کشمیر کی پالیسیوں اور پروگراموں کے بارے میں معلومات کو عام کرنے کیلئے محکمے کے مختلف ونگز سے ہم آہنگی کی کوششوں پر زور دیا ۔ یہاں ڈائریکٹوریٹ اور جوائینٹ ڈائریکٹر جموں کے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ میں شیرپا نے محکمہ اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں تال میل کی اہم ضرورت پر زور دیا کیونکہ لوگوں میں مختلف شعبوں میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے یہ ضروری ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان پلیٹ فارمز کو لوگوں کی مجموعی بھلائی کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
شیرپا نے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ محکمے کی مختلف اکائیوں کے کام میں پیشہ وارانہ مہارت کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تا کہ پیشہ وارانہ چیلنجوں کا اعتماد کے ساتھ مقابلہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کو تمام محاذوں پر حکومتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے متحرک ہونا چاہئیے ۔
تعارفی میٹنگ کے دوران اٹھائے گئے مسائل پر شیرپا نے کہا کہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا ۔ بعد ازاں ڈائریکٹر موصوف نے محکمہ کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا جن میں اسٹیبلشمنٹ ، پی آر ، اکاؤنٹس ، قانونی چارہ جوئی ، آڈیو ویژول ، سوشل میڈیا سیل اور آڈیٹوریم شامل ہیں ۔
میٹنگ میں موجود دیگر لوگوں میں جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ہیڈ کوارٹر نریش کمار ، ڈپٹی ڈائریکٹر سنٹرل سبھاش چندر ڈوگرہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اے وی دیپک دوبے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ، انفارمیشن آفیسرز ، اکاؤنٹس آفیسر ، ایڈمنسٹریٹو آفیسر اور دیگر افسران شامل تھے ۔
