سرینگر،02مئی:
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ترال اور پلوامہ کے مخلتف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ وہیں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے اننت ناگ کے چاند پورہ کنیلوان میں ایک مقامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی مدد سے ہفتے کی صبح ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ وہیں ترال کے دور افتاده گاؤں گڑھ پورہ میں ایک سابق عسکریت پسند محمد انور کے گھر چھاپہ ماری جاری ہے۔ ایسی ہی اطلاعات بارہ گام، لارکی پورہ اور پدگام پورہ سے بھی موصول ہورہی ہیں کہ وہاں بھی چھاپہ ماری جاری ہے۔ اطلاعات موصول ہونے تک چھاپوں کے دوران تلاشیوں کا سلسلہ جاری تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ علیحدگی پسندی سے جڑے معاملات کی تحقیقات اور دیگر کئی معاملات کو لیکر یہ چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔
وہیں آج صبح پولیس اور سی آر پی ایف کی نگرانی میں ریاستی تفتیشی ایجنسی (ایس آئی اے) کی ٹیم اننت ناگ ضلع کے چاند پورہ کانیلوان پہنچی، جہاں انہوں نے ایک مقامی شخص فیاض احمد صوفی ولد غلام نبی صوفی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ایس آئی اے کی ٹیم نے فیاض احمد کے گھر کی مکمل تلاشی لی۔ ذرائع کے مطابق ایس آئی اے نے سرچ آپریشن کے دوران فیاض احمد کے گھر سے کچھ دستاویزات کے ساتھ موبائل فون اپنے قبضے میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایس آئی اے نے عسکریت پسندی سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں کی ہے۔
سرحد کے قریب واقع دونوں اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔
