سری نگر،8 مئی:
وادی کشمیر میں موسلا دھار بارشوں اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری نے موسم سرما کی یاد کو تازہ کرکے لوگوں کو گرم لباس زیب تن کرنے پر مجبورکر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے تاہم 9 مئی سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 9 مئی کو بھی دوپہر کے بعد کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 10 سے 15 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے اس دوران درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوسکتا ہے۔
محکمے نے باغ مالکان سے 8 مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ سیاحوں سے اپنے ساتھ گرم کپڑے رکھنے کو کہا گیا نیز سری نگر-جموں قومی شاہراہ اور سری نگر- لیہہ شاہراہ پر سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کریں۔
اطلاعات کے مطابق گلمرگ، قاضی گنڈ، بانڈی پورہ، دودھ پتھری، کپوارہ اور جنوبی کشمیر کے پیر پنچال پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغوں کو نقصان پہنچا ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 49.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جو جہاں 29 مئی سال 2010 میں 59.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10.8 ملی میٹر جبکہ پہلگام میں 15.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8.2 ملی میٹر جبکہ بانیہال میں 40.2 ملی میٹر اور کو کرناگ میں 62.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
