کپواڑہ: قبائلی امور کے سکریٹری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کپواڑہ کا دورہ کیا اور گجر بکروال ہاسٹل، کپواڑہ کی مرمت، تزئین و آرائش اور باڑ لگانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈوئیفوڈ ساگر دتارے اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔سکریٹری نے گجر بکروال ہاسٹل کے والدین، طلباء اور عملے کے ساتھ ایک بات چیت اور عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا اور کپواڑہ کے قبائلی دیہات میں چلائے جارہے مختلف پروجیکٹوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
گوجر اور بکروال ہاسٹل کپواڑہ کے دورے کے دوران سکریٹری نے ہاسٹل میں طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر شاہد نے ہاسٹل میں آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کپواڑہ کو مختلف ترقیاتی منصوبے بنانے اور ان پر عمل درآمد میں قبائلی برادریوں کی فعال شمولیت پر مبارکباد دی۔انہوں نے مختلف فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں میں قبائلی برادری کی شرکت کو یقینی بنانے پر ضلعی انتظامیہ کو سراہا۔
سکریٹری نے لوگوں کو معیاری تعلیم، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، نوجوانوں کی شمولیت، قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے اور ہنر کی اپ گریڈیشن، صحت کی دیکھ بھال، ویٹرنری، جانوروں کی دیکھ بھال، روزگار، قبائلی فن کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں قبائلی امور کے محکمے کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ "محکمہ قبائلی امور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک مربوط نقطہ نظر کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سرگرم عمل ہے جس کا مقصد ضلع کی قبائلی برادری کی مجموعی فلاح و بہبود اور ہمہ گیر ترقی ہے”۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہونے کی وجہ سے بنگاس اور ڈرنگیاری جیسے علاقوں میں قبائلی جھروکوں کو ہوم سٹیز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گجر بکروال بوائز ہاسٹل، کپواڑہ میں تقریباً 100 قبائلی طلباء تعلیم، قیام اور رہائش کی سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔
