سرینگر۔ 16؍ مئی:
جموں و کشمیر پولیس نے میرواعظ مولوی محمد فاروق مرحوم کے قتل کیس میں ایک اہم پیش رفت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جنھیں 21 مئی 1990 کو اس نگین رہائش گاہ پر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے دعوی کیا کہ دو حزب دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے گرفتاری سے فرار تھے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں وہ شخص بھی شامل ہے جس نے مرحوم میر واعظ کے بیڈ روم میں گھس کر ان پر فائرنگ کی تھی۔
یہاں پولیس کنٹرول روم (پی سی آر)میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (سی آئی ڈی) آر آر سوین نے کہا کہ 21 مئی 1990 کو ایف آئی آر 61 کے تحت تھانہ نگین میں میر واعظ محمد فاروق کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پھر کیس سی بی آئی کو منتقل کر دیا گیا۔
سی بی آئی نے ٹاڈا عدالت کے سامنے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی جس کے بعد عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی نے کہا کہ کیس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حزب کمانڈر عبداللہ بنگرو نے میرواعظ کو قتل کرنے کی سازش رچی تھی۔ بنگرو اور اس کے ساتھی (دونوں حزب کمانڈر) مقابلوں میں مارے گئے جبکہ ایک ملزم عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ مزید دو ملزمان جاوید بھٹ اور ظہور احمد بھٹ، دونوں سری نگر کے رہنے والے ہیں، کو ریاستی تفتیشی ایجنسی نے گرفتار کیا۔
وہ گرفتاری سے بچ رہے تھے کیونکہ وہ ان سالوں میں پاکستان اور نیپال میں چھپے ہوئے تھے۔ دونوں کو گرفتار کر کے اشتہاری مجرموں کے طور پر سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ حزب کے دو گرفتار دہشت گردوں میں سے ایک ظہور احمد بھٹ تھا جو میر واعظ کے بیڈروم میں گھس کر اس پر گولی چلا دی تھا۔ اسپیشل ڈی جی نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان دونوں کو کہاں سے گرفتار کیا گیا تھا۔
