سری نگر،17مئی :
جنوبی ضلع پلوامہ کے نکلورہ لیتر علاقے میں بدھ کے روز سات سالہ بچی کنویں میں جاگری جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز پلوامہ کے نکلورہ لیتر علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب سات سالہ بچی جس کی شناخت فاطمہ جان دختر فیاض احمد ڈار کے بطور ہوئی ہے گھر کے نزدیک کھیل رہی تھیں کہ اسی اثنا میں وہ کنویں میں جاگری۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں اور اہل خانہ نے فوری طورپر بچی کو ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
جوں ہی کمسن بچی کی لاش اس کے آبائی گاوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں بعد میں اُس کو پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا ۔
