سری نگر، 20 مئی:
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سری نگر میں 22 مئی سے شروع ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس سے کشمیر کی روایتی مہمان نوازی بین الاقوامی سطح پر متعارف ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس سے یہاں کی سیاحت اور معیشت کو بھی بہت بڑا فروغ ملے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں راج باغ میں جہلم راج باغ ریور فرنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں سری نگر اور کشمیر کے لوگوں کو جہلم ریور فرنٹ تیار ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں 6 کلو میٹروں پر محیط یہ سٹریچ تیار ہوا ہے اور دوسرے طرف کا کام بھی آگے شروع کیا جائے گاان کا کہنا تھا کہ سری نگر شہر آبی ذخائر کے کناروں پر ہی آباد ہے اور یہاں کی روایتی وراثت یا معیشت بھی پانی پر ہی منحصر تھی۔
سنہا نے کہا کہ سمارٹ سٹی کے تحت سری نگر کو بین الاقومی سطح کے معیار پر تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا: ‘اس کے لئے تمام تر سہولیات کو فراہم کیا گیا ہے بچوں کے لئے فری وائی فائی زونز، سائیکل ٹریکس، پیدل چلنے کے راستے، کیفے وغیرہ بھی دستیاب رکھے گئے ہیں اور بہت جلد شہر میں ایک لائبریری بھی قائم کی جائے گی۔G-20 اجلاس کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر انتطامیہ نے 22 مئی کو شروع ہونےو الے اس ایونٹ کے لئے تمام تر انتظام کئے ہیں جس میں یہاں کے لوگوں کا بھی تعاون ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم سب لوگ ایک شاندار تقریب کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے آنے والے دنوں میں یہاں کے شعبہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا: ‘جو کشمیر کی روایتی مہمان نوازی ہے اس کو بھی پوری دنیا دیکھ سکے گی۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکر گذار ہوں جنہوں نے اس ایونٹ کے لئے جموں وکشمیر کو چنا۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت آراستہ و پیراستہ جہلم ریور فرنٹ صبح و شام کے وقت خوشگوار ہوا اور پر سکون ماحول اور خوش کن مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ایک اور نئی پسندیدہ جگہ بن گئی ہے۔
