سری نگر، 23 مئی: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کی سیاحت ملک کے کثیر الثقافتی اور کثیر مذہبی اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے نوجوان اپنے اور قوم کے لئے ایک تابناک مستقبل تحریر کر رہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کی رفتار اور اس کا پیمانہ حیران کن ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ایس کے آئی سی سی میں جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک نئے دور سے گذر رہا ہے اور یہاں ترقی اور امن کے لامحدود امکانات روشن ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر کی ٹورزم ہمارے ملک کے کثیر الثقافتی اور کثیر مذہبی اقدار کی عکاسی بھی کرتی ہے’۔
مسٹر سنہا نے امن، ترقی اور سیاحت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شعبہ سیاحت تنہا ترقی کی منزلیں طے نہیں کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ سیاحت کی ترقی کے لئے اچھے بنیادی ڈھانچے، ٹھوس منصوبے اور موثر اور جواب دہ انتظامیہ کا ہونا لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف امن اور خوشحالی سے ہی مہمان نوازی میں گرمجوشی آسکتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جموں وکشمیر ملک کے ترقی یافتہ خطوں میں سے کچھ قابل پیمائش سنگ میلوں پر کھڑا ہے۔
