جموں: جھجر کوٹلی کے قریب جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ایک بڑے سڑک حادثے میں ایک بس کھائی میں گر گئی۔ جس میں ایک درجن کے قریب مسافر سوار تھے۔ وہیں جموں کے ڈی سی نے بتایا کہ اس درد ناک سڑک حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیںجب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مسافروں سے بھری بس ریاست پنجاب سے ماتا ویشنو دیوی کٹرا یاتریوں کو لے جارہی تھی کہ اچانک بس ڈرائیور نے گاڑی کا کنٹرول کھودیا جس کے نتیجے میں گاڑی ججر کوٹلی کے پل سے نیچے گر گئی اور حادثے کا شکار ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پہاڑی ضلع رامبن میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک منی بس (میٹاڈور) سڑک حادثہ میں 18 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایک میٹاڈور زیر نمبر JK02A-8018 بٹوٹ سے رامبن کی طرف آرہا تھا کہ اسی دوران ڈھلواس کے مقام پر اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پلٹ گیا تھا۔ اس حادثہ میں منی بس میں سوار 18 مسافر زخمی ہوگئے تھے جن میں سے دو افراد شدید طور زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سڑک حادثات کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی قیمتی جانیں گنوارہے ہیں اور ہزاروں افراد سڑک حادثات میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے معذوری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ سڑک حادثات کی اہم وجوہات میں لاپرواہی سے گاڑی چلانا، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا، انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے آئے دن اس ضمن میں شعور بیداری مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ ہائی ویز پر جگہ جگہ ڈرائیورنگ کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات پر مبنی بورڈ لگائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود سڑک حادثات میں کمی کے بجائے دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔
